گجرات (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ملک کی سب سے بڑی عدالت ہے، پانامہ لیکس کیس میں عدالت عظمیٰ سے انصاف کی توقع ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ملک کی سب سیاسی جماعتوں نے دستخط کئے تھے، فوج نے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا مگر صوبائی حکومتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا، جس سے نیشنل ایکشن پلان کو نقصان پہنچا، انہوں نے کہا پیپلز پارٹی سڑکوں پر احتجاج کرنے کے قابل نہیں رہی، بلاول بھٹو زرداری پنجاب فتح نہیں کر سکتے۔