پیرس(این این آئی)پاکستان نے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ میں سترویں رکن کی حیثیت سے شمولیت اختیار کر لی۔ اس بات کا باقاعدہ اعلان سینیٹر محمد اسحاق ڈار وفاقی وزیر برائے خزانہ و اقتصادی امور نے تین روزہ او جی پی کی چوتھی نشست جو کے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے،کے پہلے دن پاکستان کی جانب سے لیٹر آف انٹنٹ فرانس کے صدر کو دیتے ہوئے کیا۔ پاکستان کے علاوہ چند اور ممالک جن میں لگزمبرگ، مراکو،برکینا فاسو اور جمائیکہ نے بھی او جی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیاہے۔بعدازاں وفاقی وزیر نے فرانس کے وزیر خارجہ چین مارک ایرایالٹ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔ او جی پی کی نشست کا بنیادی مقصدشہریوں کے درمیان شفافیت اور احتسابی عمل کو فروغ دینا ہے۔ اس نشست میں بڑی تعداد میں ریاستوں کے سربراہان، وزراء سول سوسائیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی اور او جی پی کے ایجنڈے کوپوری دنیا کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔