گوجرانوالہ( نمائندہ جنگ)عدالت میں تاریخ پیشی پر جاتے ہوئے مخالفین کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے جھنگی کے مقتول فیاض مہر کے ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش سیالکوٹ روڈ پر رکھ کر اڑھائی گھنٹہ احتجاج کیا سڑک بلاک کرکے شدید نعرے بازی کی جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی مظاہرین میں عورتیں اور مرد شامل تھے مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا مقتول فیاض مہر کے ورثاء نے کہا کہ رانا افتخار کھاری کے بیٹوں نے علاقے میں غنڈہ گردی کا بازار گرم کررکھا ہے انہوں نے ڈی ایس پی پیپلز کالونی پر بھی شدید تنقید کی ،ایس پی سول لائن ندیم کھوکھر موقع پر پہنچ گئے ان کی طرف سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے ایس پی ندیم کھوکھر نے کہا کہ علاقے میں کسی کو غنڈہ گردی نہیں کرنے دیں گے بعد ازاں مقتول فیاض مہر کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا ،پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ملازمین پر الزامات بے بنیاد ہیں۔