ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان کے علاقہ فاروق پورہ میں خواتین گیس کی بندش سے تنگ آگر سڑکوں پر نکل آئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا،خواتین نے توے اور چمٹے اٹھا کے گیس کی مسلسل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ خواتین کا کہنا ہے کہ سردیوں کی آمد کیساتھ ہی گیس کی بندش اور کمی کا سلسلہ جاری ہو گیا ہے جس میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔گھر میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے صبح کے اوقات میں بچوں کو روانگی سکول کیلئے ناشتے کی تیاریوںمیں بھی دقت پیش آتی ہے تو دفتر ی افراد کو بھی ناشتہ کئے بنا تاخیر سے دفتر پہنچنا پڑتا ہے، جبکہ گیس کی بندش اور گیس پریشر میں کمی واقع ہونے کے بعد شہریوں کو درپیش مشکلات میں دیکھتے ہوئے لکڑیوں اور کوئلہ بیچنے والے دکانداروں نے بھی ان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ، خواتین نے مزید کہا ہے کہ حکومت گیس کی بندش اور پریشر کی کمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو گیس کی سہولیات مہیا کرے۔