مردان ( نامہ نگار ) ینگ ڈاکٹروں کا احتجاج رنگ لے آیااور مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ( ایم ٹی آئی ) کی برطرف کی جانیوالی چھ ٹرینی لیڈی ڈاکٹروں کو بحال کر دیا گیا ۔ہسپتال کی چھ ٹرینی لیڈی ڈاکٹروں کو مریضہ کی ہلاکت پر برطرف کیاگیا تھا۔ ان ڈاکٹرز پرالزام تھا کہ انہوں نے مریضہ بارے سینیئر کو اطلاع دئیے بغیر اسے اپنے وارڈ سے گائنی بی وارڈ منتقل کر دیا تھا ۔لیڈی ڈاکٹروں نے 25 نومبر کو اپنی برطرفی کے بعد 29 نومبر کو اس حوالے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پاس اپیل دائر کی تھی جبکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ( وائی ڈی اے ) نے لیڈی ڈاکٹروں کی برطرفی کے خلاف بھر پور احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر دیا تھا تاہم بعد میں حکام کی یقین دہانی پر انہوں نے بائیکاٹ ختم کردیا تھا جمعرات کو ایم ٹی آئی کے ڈائریکٹر میڈیکل نے اپنے آرڈر نمبر 5846 کے ذریعے مزکورہ ٹرینی لیڈی ڈاکٹروں ڈاکٹر فرخندہ ساریہ عظمی ماریہ سمیرا اور ڈاکٹر افشاں کو بورڈ آف گورنرز کے فیصلے کی روشنی میں وارننگ دیکر بحال کردیا یاد رہے کہ مریضہ ہلاکت کیس میں غفلت برتنے پر ایک سنئیر لیڈی ڈاکٹر کی خدمات پہلے ہی محکمہ صحت کو واپس کردی گئی ہیں۔