شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چیئرمین بلدیہ شیخوپورہ حاجی غلام نبی ورک اور وائس چیئرمین کے امیدوار حافظ مدثر مصطفی نے کہا ہے کہ وہ بلدیہ شیخوپورہ کی چیئرمین شپ کا انتخاب پوری قوت اور طاقت سے لڑیں گے اور نواز لیگ کے امیدوار کو ٹف ٹائم دیکر بلدیہ میں اپنی سیاسی قوت کا بھی بھرپور مظاہرہ کریں گے، بلدیہ شیخوپورہ کو کرپشن اور کمیشن کی آماجگا ہ نہیں بننے دیں گے اور نہ اس میں حکومتی ارکان اسمبلی کی مداخلت برداشت کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی کے کونسلرز ملک سمیع اللہ بلوچ، عمر حیات گوپے راء، کامران ذوالفقار ورک، جہانزیب حبیب ایڈووکیٹ، چوہدری سیف اللہ بٹر، رضوان الحق، انیس ریاست ورک ایڈووکیٹ کے علاوہ جماعت اسلامی کے کاشف بشیر ورک، (ق) لیگ کے حاجی فلک شیر ورک بھی موجود تھے، حاجی غلام نبی ورک نے کہا کہ نواز لیگ کے نامزد امیدوار نے ٹی ایم اے میں مداخلت شروع کرکے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں اس پر انتظامیہ اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، سرکاری افسران پر دباؤ ڈال کر اس سے ناجائز کام بھی کروائے جارہے ہیں، اس صورت حال میں پی ٹی آئی بھی خاموش نہیں بیٹھے گی اور وہ ہاؤس کے اندر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر ایک مضبوط اور جمہوری اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ شہر اور عوام کو نواز لیگ کے ارکان اسمبلی اور بلدیاتی ارکان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔