سکھر (بیورو رپورٹ)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر چاچڑ کی سربراہی میں وفد نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے نائب صدر محمد خالد کاکیزئی سے ایوان میں ملاقات کی۔ اس موقع پر آغا قادرداد زرعی مارکیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے نند لال نے مختلف پہلو ؤں کا ذکر کرتے ہوئے برآمدی تجارت میں رہنمائی کا مطالبہ کیا۔ نائب صدرِ ایوان نے برآمدات بشمول چھوہارا، چاول ودیگر زرعی اجناس کے ساتھ ساتھ بینٹونائٹ کلے کیلئے متبادل متوقع منڈیوں کی تلاش اور ایکسپورٹرز کو وہاں تک رسائی کیلئے درکار ضروری معلومات مہیا کرنے پر زور دیا۔فی الوقت پاکستان سے چھوہارا صرف بھارت بھجوایا جاتا ہے اور غیر متوقع طور پر برآمدات یا تو رُک جاتی ہیں یا ڈیمانڈ میں واضح کمی ہوجاتی ہے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے دیگر منڈیوں کی تلاش از حد ضروری ہے جس کیلئے ٹی ڈیپ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ دنیا بھر میں نئی متوقع اور اُبھرتی ہوئی منڈیوں کا جائزہ لینا اور ملکی برآمدات کیلئے رہنمائی کا فریضہ ٹی ڈیپ کے سر ہے ۔ ٹی ڈیپ اورچیمبر میں پہلے سے موجود روابطِ کار مزید متحرک ہونے سے برآمدی تجارت کا حجم بڑھایا جا سکتا ہے جس سے قیمتی زرِ مبادلہ وافر مقدار میں وطنِ عزیز لایا جا سکے گا۔ قبل ازیں بینظیر چاچڑ نے ٹی ڈیپ کی جانب سے مہیا کی گئی رہنمائی اور خدمات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔