ملتان( سٹاف رپورٹر ) پیراں غائب روڈ پر سوئی گیس کمپنی کے دفتر میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشق کی گئی،تفصیل کے مطابق پولیس،سی ٹی ڈی،سول ڈیفنس اور فائر برگیڈ نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے سوئی گیس آفس پیرا ںغائب روڈ پر موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا ، جہاں دہشت گردوں کی جانب سے فرضی بم دھماکا کیا گیا جبکہ اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی فورسز ٹیموں نے موقع پر پہنچ کرریسکیو آپریشن کیا ،مشق کا مقصد آفس میں موجود عملے کو ایمر جنسی اور ہنگامی حالات میں نمٹنے کے طریقے سے آگاہ کرنا تھا۔سوئی گیس عملہ نے اس مشق میں بھر پور حصہ لیا۔ ایس پی گلگشت علی مردان کھوسہ نے کہا کہ ہم کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15یا متعلقہ تھانے کو دیکر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔