برسبین ( اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں دوسرے دن ہی میچ کا نتیجہ کافی حد آشکار کردیا ہے۔ فلڈلائٹس آن ہوتے ہی مہمان بیٹسمینوں کے اوسان خطا ہوگئے۔ بولنگ اور فیلڈنگ کے بعد بیٹنگ لائن نے پسپائی اختیار کی۔ کینگروز کے 429رنز کے جواب میں گرین کیپس نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک 97پر آٹھ وکٹ گنوادیے تھے۔ تیسرے دن پاکستان کیلیے پہلی آزمائش اسکور میں مزید 133رنز کا اضافہ کرکے فالو آن سے بچنا ہوگی۔ دھوکا نہ دینے والے سرفراز احمد 31گیندوں پر 31رنز بنا کر طوفان کا رخ موڑنے کی کوشش کررہے ہیں، محمد عامر 35 گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز روایتی رہا اور اظہر علی پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم اور سمیع اسلم نے اسکور کو 43 تک پہنچایا ہی تھا کہ ہیزل ووڈ کی باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں بابر اعظم 19 رنز کی اننگز کھیل وکٹ گنوا بیٹھے۔ اگلی ہی گیند پر یونس خان بغیر کوئی رن بنائے وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ کیریئر میں چوتھی بار گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ اسد شفیق بھی مایوس کن انداز میں صرف دو رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر سلپ میں عثمان خواجہ کو کیچ دے گئے۔ کپتان مصباح الحق نے بھی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار رنز کے انفرادی اسکور پر جیکسن برڈ کی گیند پر سلپ میں رینشا کو کیچ تھما دیا۔ سمیع اسلم کی 100گیندوں پر محیط مزاحمت کا خاتمہ جیکسن برڈ نے22 رنز پر کیا۔ اس موقع پر پاکستان کا اسکور چھ وکٹوں پر صرف56 رنز تھا۔ وہاب ریاض اور یاسر شاہ بھی بڑی آسانی سے ہیزل ووڈ اور اسٹارک کے قابو میں آگئے۔ ایک مرحلے پر پاکستان نے 7وکٹیں صرف 24رنز کے اضافے پر گنوائیں۔ مچل اسٹارک اور ہیزل ووڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ برڈ دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس موقع پر سرفراز احمد کا ساتھ نبھانے محمد عامر پہنچے اور دونوں کھلاڑیوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم 429 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دوسرے دن 288 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ اننگز شروع کی تو اسٹیون اسمتھ اور پیٹر ہینڈزکامب وکٹ پر موجود تھے، پاکستان کو چوتھی کامیابی 323کے اسکور پر وہاب ریاض نے اسٹیون اسمتھ کو آئوٹ کرکے دلائی، انہوں نے 130رنز بنائے۔ نک میڈنسن ایک، میتھیو ویڈ سات، مچل اسٹارک دس اور جوش ہیزل ووڈ آٹھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ ہینڈزکامب نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی، وہ 105رنز بنا کر وہاب کا شکار بنے۔ آخری وکٹ پر جیکسن برڈ اور ناتھن لائن نے49 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 429رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔ یاسر شاہ نے 29 رنز بنانے والے لائن کو آؤٹ کیا۔ محمد عامر اور وہاب ریاض نے 4 ، 4 جبکہ یاسر شاہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔