مردان ( نمائندہ جنگ ) جمعہ کے روزمسلم لیگ نے ڈیڑھ ماہ بعد مردان میں دوبارہ طاقت کا مظاہر ہ کیا شہر کے اہم شاہراہوں اور چوکوں کو بڑے بڑے سائن بورڈ زاور لیگی جھنڈیو ں سے سجایاگیا تھا ،جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جلسہ دوگھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، کئی مقامی رہنما لیڈروں کے ساتھ سلفیاں بناتے رہے مقامی لیڈرز جلسہ گاہ میں اپنے سائن بورڈز لگانے کے لئے رات گئے تک دوڑدھوپ کرتے رہے عین وقت پر ضلعی صدر سید عنایت باچہ سے سپاسنامہ گم ہوگیا، صدارت کے لئے پہلے پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سرانجام خان کے نام کا اعلان کیاگیاتھا تاہم جلسہ شروع ہواتو پہلے پیر صابر شاہ اور بعدمیں کرنل (ر) شیرافگن کا نام پیش کیاگیا۔ صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے نہ صدارت کی اورنہ مہمان خصوصی بنے۔ جلسے سے ایک دن قبل پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی ،احسن اقبال اور پرویز رشید کی شرکت کا اعلان کیاگیاتھا تاہم کسی بھی وفاقی وزیر نے جلسے میں شرکت نہیں کی۔لیگی قائدین کے تیر تحریک انصاف پر برستے رہے اے این پی بھی نشانہ پررہی ۔ ایک موقع پر امیرمقام نے کہاکہ آفتاب شیرپاؤ ان کے لئے محترم ہیں عمران خان نے ان پر الزامات لگاکر حکومت سے باہر نکالا اور پھرپرویزخٹک کے ذریعےشیمپو سے دھلایابھی ۔ تقریب میں سانحہ اے پی ایس کو خصوصی طورپر یادکیاگیا ۔