• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال کےصاحبزادے احمد اقبال ضلع کونسل نارووال کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

لاہور ،اسلام آباد(مقصود اعوان سے،کامرس رپورٹر) پنجاب میں میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیوں کے میئروں، چیئرمینوں ڈپٹی میئروں اور ضلع کونسلوں کےسربراہوں کے 22 دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات واپس لینے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔  جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری ہوگئے ہیں ،ریٹرننگ آفیسرز نے انہیں انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کو آج دوپہر تک انتخابی نشان الاٹ کر دیئے جائیں گے  ۔گزشتہ روزوفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے بیٹے اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محمد احمد اقبال ضلع کونسل نارووال کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ۔ان کے مقابلے میں  پی ٹی آئی کے امیدوار محمد ارشد منج اور آزاد امیدوار سید جہانزیب بخاری نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔اس طرح بلدیہ عظمیٰ لاہور ، 6 میونسپل کارپوریشنوں جھنگ اور نارووال کی دو ضلع کونسلوں اور 37 میونسپل کمیٹیوں کے میئر ڈپٹی میئر چیئرمین اور وائس چیئرمین غیر سرکاری طور پر بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔  37 میونسپل کمیٹیوں میں سے 29  میں مسلم لیگ ن 3 میونسپل کمیٹیوں میں پاکستان تحریک انصاف اور دو میں مسلم لیگ ق دو میں پیپلزپارٹی اور ایک میونسپل کمیٹی میں آزاد پینل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ لاہور  نارووال اور چنیوٹ کے سوا 33 ضلع کونسلوں میں سے 23  میں مسلم لیگ (ن) ،پاکستان تحریک انصاف یا پیپلزپارٹی اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ 10 اضلاع میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہی ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے ہیں اور 5 میونسپل کارپوریشنوں میں مسلم لیگ (ن) کے متحارب امیدواروں کے درمیان ہی اصل مقابلے ہوں گے۔182 میونسپل کمیٹیوں میں سے 145 میونسپل کمیٹیوں کے سربراہی انتخابات میں 41 پر مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کا اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کے علاوہ آزاد امیدواروں سے مقابلہ ہو گا جبکہ 104 میونسپل کمیٹیوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کا آپس میں  معرکہ ہوگا۔ پاکستان الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے اور ریٹرننگ آفیسرز کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے ضابطہ اخلاق پر سختی سے پابندی کرانے کی ہدایت ہے ۔بلدیاتی اداروں کے میئروں چیئرمینوں ڈپٹی میئروں اور وائس چیئرمینوں کے امیدواروں کونسلرز کے سوا کسی کو پولنگ سٹیشنوں کے اندر داخلے کی اجازت نہیں ہو گی کسی وزیر یا رکن اسمبلی کے خصوصی اجازت کے بغیر داخلے پر پابندی ہو گی اور کسی امیدوار یا ووٹر کو موبائل اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کا چنائو خفیہ رائے شماری سےہوگا۔  اسلام آباد سے کامرس رپورٹ کے مطابق احمد اقبال کا پبلک پالیسی اور فنانس میں وسیع تجربہ ہے۔وہ امریکہ سے گریجویٹ ہے ،انہوں نے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے ۔اور مقامی گورنس میں سپشلائزیشن کی ہوئی ہے ۔وہ واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ کام کرتے رہے ہیں ۔
تازہ ترین