سرگودھا، شاہ پور صدر(نامہ نگاران) ا یڈ یشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا رانا زاہد اقبال اور بلال منیر وڑائچ سول جج سرگودھا نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کادورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ خان وحید خان تھے۔ خواتین اسیران سے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور جووینائل اسیران سے ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر معمولی مقدمات میں ملوث24 اسیران کی فوری رہائی کے احکامات جاری کیے۔ایڈیشنل سیشن جج رانا زاہد اقبال نے سینئر سول جج شاہ پور شمس حسنین کے ہمراہ شاہ پور جیل کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل سیف اللہ گوندل ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بابر نعیم عادل ، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار اور دیگر عملہ موجود تھا ۔ انہوں نے جیل میں کھانے کا معیار، مریض قیدیوں کو دی جانیوالی سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کو چیک کیا۔ انہوں نے معمولی مقدمات کے 3 حوالاتیوں غلام عباس ، رحمت علی اور مظہر اقبال کی ذاتی مچلکوں پر رہائی کا حکم دیا۔