ملتان (سٹاف رپورٹر)متعد د علاقوں میں سکول ودفتری اوقات میں گیس لوڈشیڈنگ پرعوام نے احتجاج کیا،تفصیل کےمطابق ٹمبر مارکیٹ ،بستی دائرہ ،چاہ جموں والا ،چوک شاہ عباس ،محلہ بی بی پاک دامن اور ملحقہ علاقوں میں صبح اور شام کےاوقات میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس پر پیپلزپارٹی صوبائی حلقہ 196 کےسینئرنائب صدر اللہ بخش کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرین نے محکمہ سوئی گیس اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،اس موقع پر محمد حسین ارائیں ،محمد سلیم ،حاجی خلیل راں ،حاجی ارشاد ،وحید الحسن اور رائوغفار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رات بھرگیس فراہمی منقطع ہونے کے باوجود صبح اور شام کے اوقات میں لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی سمجھ سےبالاتر ہےگیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث بچے سکول اورتاجر دکانوں پروقت پرپہنچنے سے قاصر ہیں جبکہ بازاری کھانا مہنگا اور ناقص ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس پریشر میں بہتری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔