لاہور( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبے میںمیڈیکل کی اعلی تعلیم کو فروغ دینے اور دور دراز کے علاقوں کے عوام کو ان کے گھروں کے نزدیک تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے راولپنڈی اور ملتان میں ایک ایک میڈیکل یونیورسٹی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں یونیورسٹیوں کے قیام کے احکامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں میڈیکل کی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کے ئے انٹر یونیورسٹی بورڈ بھی قائم کیا جائے گا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کے ساتھ راولپنڈی میڈیکل کالج اور ملتان میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کے ساتھ نشتر میڈیکل کالج منسلک ہوں گے۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اختیارات کے ارتکاز کے بجائے لوگوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے اور نئی یونیورسٹیوں کے قیام سے جنوبی پنجاب کے عوام کو سینٹرل پنجاب اور لاہور کے بجائے اعلی تعلیمی مواقع ان کے اپنے علاقے میں دستیاب ہوں گے جس سے ان کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی ۔