• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین ضلع کونسل ملتان کیلئے لیگی امیدوار کی اپیل پرفریقین آج ہائیکورٹ طلب

ملتان(سٹاف رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بنچ کے مسٹر جسٹس امین الدین خان نے امیدوارچیئرمین ضلع کونسل دیوان محمد عباس بخاری کی اپیل پر فریقین کو آج کے لئے پابند کرتے ہوئے سماعت ملتوی کرنےکا حکم دیاہے ۔فاضل عدالت میں مسلم لیگ(ن)کے امیدوارچیئرمین ضلع کونسل ملتان دیوان  محمد عباس بخاری نے رٹ درخواست دائرکی تھی کہ اس نے حلقہ این اے 153 جلالپورپیروالہ سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لئے چیئرمین یونین کونسل علی پورسادات سے استعفیٰ دیالیکن ضلع کونسل ہاؤس مکمل نہ ہونے اورقانون میں ابہام کی وجہ سے استعفیٰ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی بجائے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گونمنٹ ملتان کو بھجوادیاتھا جو منظورنہیں ہوسکا بعدازاں اس نے ضمنی انتخاب لڑنے سےدستبرداری حاصل کرنے کے بعد استعفیٰ واپس لے لیا تھا اس لئے وہ چیئرمین یونین کونسل کے عہدے پر بھی برقرارہے لیکن اس کے خلاف اپیلیٹ اتھارٹی نے قانونی تشریح درست نہیں کی اوراس کے کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے گئے ہیں لہذا اس فیصلے کو منسوخ کرکے درخواست گذارکو الیکشن لڑنے کا اہل قراردیاجائے ۔اس موقع پر درخواست گذارکے وکیل رانامحمد آصف سعید نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ استعفیٰ واپس ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست گذارکو ڈی نوٹیفائی بھی نہیں کیا اورنہ ہی حلقہ کو خالی قراردیا ہے اس طرح اب مخصوص نشستوں پرہونے والے انتخابات میں بھی ان کا نام اہل ووٹرز کی فہرست میں چیئرمین یونین کو نسل کی وجہ سے موجود ہے اس لئے درخواست گذارکے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کئے جاسکتے ہیں ۔اس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل محمد نعیم خان بھی پیش ہوئے تاہم تحریک انصاف کے امیدوارعمر فاروق کے وکیل اظہر سلیم کملانہ بھی موجود تھے لیکن عدالت کے استفسارپر انھوں نے کیس کی تیاری نہ ہونے کاعذراختیارکیا جس پر انھیں آج پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ 
تازہ ترین