• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا حکومت پر تنقید کرے، مایوسی نہ پھیلائے، احسن اقبال

اسلام آباد ( مہتاب حیدر) وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا عوام میں مایوسی پھیلا رہا ہے۔ ٹی وی چینل کے اینکرز نے آئین اور قانون کو مذاق بنا کررکھ دیا ہے جس کے باعث نوجوان مایوس ہو کر داعش سمیت شدت پسند گروپوں میں شامل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پلاننگ کمیشن کے زیر اہتمام دوسرے’’ گورننس فورم‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے میڈیا پر چڑھائی کر دی اور الزام عائد کیا کہ ٹی وی چینلز ہرلات’’ پرائم ٹائم‘‘ کے دوران پاکستانی عوام میں مایوسی پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھی قتل، ریپ اور فراڈ سمیت دیگر جرائم تواتر کیساتھ ہوتے ہیں۔ ا گر ان کا میڈیا بھی ان جرائم کو ایسے ہی پیش کرنا شروع کردے تو امر کیا دنیا میں بدترین ملک کہلائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بے گھر لوگوں کا مسئلہ تھا لیکن وہاں کے میڈیا نے اپنے ملک کی وہ جھلکیاں نہیں دکھائیں۔ اس کے برعکس پاکستان پرائیویٹ میڈیا مایوسی کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان 2013 کے مقا بلے میں ( جب نواز حکومت نے اقتدار سنبھالا) اب 2015 میں بہت بہتر ہے۔ اس وقت لوڈشیڈنگ20 گھنٹوں تک پہنچ چکی تھی جبکہ اب لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی ہو چکی ہے۔ 2013میں ہر روز خودکش بم دھماکوں کے واقعات ہوتے تھے جبکہ اب 2015میں سکیورٹی صورتحال میں بہت بہتری آچکی ہے اس وقت ملک معاشی تنزلی کے راستے پر تھا جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گررہے تھے جو کہ6 بلین ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے تھے جو کہ اب بڑھ کر21 بلین ڈالرتک پہنچ چکے ہیں۔ کراچی میں امن وامان کی صورتحال 2013 کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جبکہ بلوچستان میں بھی صورتحال معمول کے مطابق آچکی ہے۔ فاٹا میں فوجی آپریشن کے بعد صورتحال میں بہت بہتری آچکی جبکہ فوج نے علاقے سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا ہے۔
تازہ ترین