لاہور (خصوصی نمائندہ)رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسیحی برادری پاکستان کا قابل فخر طبقہ ہے اور تمام مسیحیوں کو اتنے ہی حقوق حاصل ہیں جتنے کسی اور پاکستانی کو میسر ہیں ۔یہ بات اُنہوں نے گزشتہ روز الحمراء ہال میں کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ حمز ہ شہبازنے کہا کہ مسیحی بھائیوں کے حقوق کا تحفظ مسلم لیگ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جوزف کالونی میں آگ لگی تھی اور عورتوں کے جہیز تک جل گئے تھے تو شہبازشریف اس وقت تک جوزف کالونی سے نہیں اُٹھے تھے جب تک اُنہوں نے تمام لوگوں کونئے گھر اور جہیز نہیں بنوا دیے تھے۔ حمز ہ شہباز نے کہا کہ مسیحی بلدیاتی ممبران سے میں جلد ملاقات کروں گا اور اِن کی آبادیوں کی ڈویلپمنٹ پر جلد کام کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے اور ہم ترقی کا سفر طے کرتے رہیں گے۔ اُنہوں نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ اس ملک پر رحم کریں اور آنے والی نسلوں کے لیے ہونے والے کاموں رکاوٹ نہ ڈالیں اس موقع پر خواجہ عمران نذیر ، ایم پی اے میری گل اور مسیحی برادری کے معززین بھی شامل تھے ۔