• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اسکیم سے ڈھائی لاکھ افراد نےبلاسود قرض حاصل کئے،اسحاق ڈار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہےحکومت پاکستان نے بلاسود قرضہ اسکیم متعارف کرائی  جس کا مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور غربت کے مسائل کا خاتمہ کرنا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت وفاقی حکومت کے بجٹ سے 3.5 ارب روپے (3.1 ارب روپے قرضوں کیلئے) مختص کئے گئے تاکہ معاشرے کے غریب طبقات کو اپنا چھوٹا کاروبار قائم کرنے میں سہولت حاصل ہو،پی پی اے ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ  کے زیر اہتمام وزیراعظم آفس میں ڈھائی لاکھ افراد کو کامیابی کے ساتھ خود انحصاری کے راستے پر گامزن کرنے کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب وزیراعظم کی سود سے پاک قرضوں کی اسکیم سے  حاصل کی گئی اہم کامیابی کو اجاگر کرنے کے لئے منعقد ہوئی ۔ پی پی اے ایف کی بھرپور کاوشوں سے اس اسکیم کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ افراد بلاسود قرضہ حاصل کرچکے ہیں ۔  اسحاق ڈار نے کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ اس اسکیم کے تحت قومی سطح کے سب سے بڑے ادارے پی پی اے ایف کے ذریعے یہ فنڈز تقسیم کئے جائیں اور ان یونین کونسلز تک رسائی حاصل کی جائے جہاں روایتی مائیکروفنانس کا عمل دخل محدود یا بالکل نہیں ہے۔ وزیراعظم کی انٹرسٹ فری لون اسکیم کے ساتھ ہم پسماندہ طبقات بالخصوص دیہی علاقوں کی غریب خواتین تک رسائی کے قابل ہوگئے جن کے پاس کاروبار چلانے کی صلاحیت تو ہے لیکن وہ روایتی مائیکروفنانس تک رسائی کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان ،پی ایم آئی ایف ایل کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب اور پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو قاضی عظمت عیسیٰ نےبھی خطاب کیا۔
تازہ ترین