• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال، ایبٹ آباد اور مردان میں کینسرسنٹرز کیلئے مفت اراضی الاٹ کرنیکے احکامات

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے  صوبے کے مختلف اضلاع میں کینسرکےسنٹرز کے قیام کیلئے مفت اراضی الاٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،محکمہ صحت کی جانب سے جاری الگ الگ مراسلوں میں چترال کےڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی گئی ہےکہ ضلع میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اسلام آباد کی جانب سے کینسر ہسپتال کے قیام کیلئے40سے50کنال اراضی کی جلد نشاندہی کی جائے، ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے بی اوجی کے چیئرمین کو خط میں آئی این اوآر کی جانب سےکینسربلاک کی تعمیرکیلئے 1کنال زمین الاٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ نئے بلاک میں کینسرکی تشخیص اور علاج کیلئے مشینوں کی تنصیب ممکن ہوسکے ۔ چیئرمین بی او جی مردان میڈیکل کمپلیکس کو خط میں انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئرمیڈیسن اینڈ ریڈیوتھراپی کے قیام کیلئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اسلام آباد کو مفت اراضی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت نے پہلے ہی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے 80کنال اراضی دینے پر رضامندی ظاہرکی ہےجس کیلئے فیڈرل فنڈنگ کے ذریعے سکیم کی منظوری پہلے ہی ہوچکی ہے ۔یاد  رہے کہ 14دسمبر کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی جس میں وزیراعلی ٰنے ایبٹ آباد ہسپتال میں جدید مشینری نصب کرنے کیلئے اضافی ایک کنال زمین دینے، چترال میں کینسرہسپتال کے قیام اورمردان میں ہسپتال کے قیام کیلئے 80کنال زمین دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
تازہ ترین