ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ملتان میںبلدیاتی انتخابات کے دوران پی پی اورن لیگ کامک مکا تھا،پی ٹی آئی نے مقابلہ کیا اور عزت کی شکست کو ضمیر کا سوداکرنے سے بہترسمجھا ۔گزشتہ روز پی ٹی آئی کے حلقہ این اے 153کے ٹکٹ ہولڈرملک غلام عباس کھاکھی کی رہائش گاہ پرانکی والدہ کی وفات پرتعزیت کے بعدوفد سے ملاقات میں انہو ںنے کہا میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو اپنے موقف اورنظریے پرقائم رہنے پرمبارکبادپیش کرتاہوں کہ انہوں نے حکومتی اقتدار،چمک اور طاقت کابھر پورمقابلہ کیا، ضمیر فروشی نہیں کی،فخرہے کہ ہم نے جمہوری اندازمیں حصہ لیا اورضمیرکاسودا نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین سے تفصیلاً تبادلہ خیال کیاہے،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندرجنہوں نے ضمیرفروشی کی انہیں شوکازنوٹس دئیے اور تادیبی کارروائی کی جائے گی اس موقع پھرمخدوم زادہ زین حسین قریشی ‘عمر نواز خان بابر‘رانا افسر‘رضا عباس کھاکھی ‘مہر نعیم‘منصور عارف‘اطہر خان خاکوانی اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔شاہ محمودنے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں پی پی اورن لیگ کامک مکاکھل کرسامنے آ گیاہے میونسپل کارپوریشن میں پیپلز پارٹی نے ن لیگ اور ضلع میں ن لیگ نے یوسف رضاگیلانی کوووٹ دئیے، پی ٹی آئی ایسی سیاست سے دور ہے،اس دو رخی اورمنافقانہ سیاست نے پاکستان کایہ حشرکیا ۔ قوم سوال کرتی ہے کہ پی پی اسی سیاست کوبنیادبناتی ہے تو27دسمبر کوگیلانی کی سیات پروان چڑھے گی یابلاول کے موقف کو فوقیت ملے گی،بلاول پارٹی کے اندر کرپشن کرنیوالوں اور ان کے حمایت یافتہ لوگوں کوپارٹی سے نکال باہر کریں تبھی وہ سیاست میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی اسلام آباد سے ملتان پہنچے تو انہوں نے حلقہ این اے 148اور 150میں مختلف تقریبات میں شرکت کی ۔وہ ملک عامرڈوگر کی پھوپھی اور این اے 148میں سابق ٹکٹ ہولڈر عبدالرحمن بوہنہ کی عزیزہ کی قل خوانی میں شریک ہوئے۔وہ سابق یوسی ناظم سہیل خان بابر کی رہائش گاہ پر گئے اوران کے بہنوئی ڈاکٹر اسماعیل ارائیں کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔