کراچی (اسٹاف رپورٹر) اشنا سہیل نےشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سارہ منصور کو شکست دیکر بیگم کلثوم سیف اللہ ایشین ٹینس خواتین ٹائٹل حاصل کرلیا جبکہ بوائز انڈر 18 کا فائنل مزمل مرتضی نے جیتا۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخواہ کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں ٹینس کے کھیل کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے، انہوں نے پی ٹی ایف ڈیولپمنٹ پروگرام کیلئے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ سلیم سیف اللہ خان، سینیٹر دلاور عباس، خالد رحمانی اور دیگر موجود تھے۔ دلاور عباس اسپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں جاری خواتین فائنل میں اشنا سہیل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سارہ منصور کو باآسانی 6-4 اور 6-2 سے شکست دی۔ بوائز انڈر 18 فائنل میں مزمل مرتضی نے یوسف خان کو 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیتا۔