وزیرمملکت مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ عمران خان کا تیسری د فعہ منتخب وزیراعظم کے ساتھ مقابلہ مضحکہ خیز ہے، وزیراعظم نواز شریف صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ اس خطے کے لیڈر ہیں ۔
وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان اپنے ساتھ وزیراعظم نواز شریف کا مقابلہ کرنا چھوڑ دیں اور خیالی دنیا سے باہر آجائیں، آج اگر نواز شریف کی قیادت میں سی پیک بن رہا ہے تو وہ اس خطے کی ترقی ہے، اگر وزیراعظم دہشتگردی اور دہشت گردوں کی کمر توڑ رہے ہیں تو وہ بھی صرف اس خطے کے امن کے لیے ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان کے توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں اور لوڈشیڈنگ میں کمی آرہی ہے تو وہ اس خطے کے لیے ہے، عمران خان کو چاہیے کہ خیبر پختونخوا میں مایوس کن کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں، جو شخص آئینی اداروں کی عزت نہیں کر سکتا وہ وزیراعظم بننے کا اہل نہیں۔