امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر بدترین بادشاہت ہے، ظالمانہ نظام کی پشت پر بیورو کریسی اور اسٹیبلشمنٹ میں بیٹھے سامراج کے ایجنٹ ہیں جواسلام سے خائف ہیں۔
منصورہ لاہور میں مجلس شوریٰ کے آخری سیشن سے خطاب میں سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک پر فیوڈلز کا قبضہ ہے، ادارے یرغمال اور عدالتوں سے انصاف پیسے والے کو ملتا ہے، کچھ خاندانوں نے طے کرلیا ہے کہ اقتدار تک پہنچنے کے لیے ایک دوسرے کو کاندھا دیں گے، باریاں لینے والوں نے اپنے لیے لندن، پیرس، واشنگٹن اور دبئی میں محل بنا لیے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے پاکستان کو مسائلستان بنانے والے قوم کے مجرم ہیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر انتخابی اصلاحات کا آغاز کرے۔