شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)پنجاب کے بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کی بھرتی کا انکشاف ہو اہے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجا ب نے صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی فزیکل چیکنگ کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دی تھیں ان کمیٹیوں کے کئی اضلاع میں فزیکل چیکنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین تنخواہیں لے رہے ہیں جو بار بار طلب کرنے کے باوجود سکروٹنی کمیٹیوں کے روبروپیش نہیں ہوئے، حکومت پنجاب نے ان کمیٹیوں کی تشکیل نئے بلدیاتی اداروں کے کام شروع کرنے سے قبل ان ادار وں کے اثاثوں اور ملازمین کی فزیکل چیکنگ کیلئے کی تھی ، ذرائع کے مطابق ان کمیٹیوں کی فزیکل چیکنگ کی رپورٹوں کی بناء پر سپیشل سیکرٹری محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کی طرف سے ایک مراسلہ صوبہ بھر کے ڈی سی اوز اور ٹی ایم اوز کو حال ہی میں جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ممکنہ گھوسٹ ملازمین کو ایک مرتبہ پھر سکروٹنی کمیٹیوں کے روبرو پیش ہونے کا آخری موقع دیا جائے اور کمیٹی بھی اس سلسلہ میں پیشگی اطلاع دیکر دوبارہ متعلقہ بلدیاتی ادارے کا وزٹ کرے گی اور پھر بھی غیر حاضر پائے جانیوالے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کاروائی ہوگی مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ 60برس کی عمر کو پہنچ کر ریٹائرڈ ہو جانے والے محکمہ بلدیات میں غیر قانونی طور پر بھرتی ہونیوالے ملازمین کو دی جانیوالی تنخواہ اور پینشن کی رقم اس کی ادائیگی کرنے والے افسروں سے وصول کی جائے گی ۔مراسلہ میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ایسے ملازمین کی فہرستیں فوری مرتب کرکے محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کو بھیجی جائیں۔