کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو دانستہ جونیئر ورلڈ کپ سے باہر کیا گیا جس کا مقصد بھارت کو فائدہ پہنچانا تھا اس فیصلے سے جونیئر ٹیم کے پرگروام کو دھچکہ لگا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کی تیاری کے لئے اگلے سال یورپ کے دورہ کا پروگرام پی ایچ ایف کو بھیج دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے مگر ہمیں اچھے کوچز کی بھی ضرورت ہے، اگلے جونیئر ورلڈ کپ کے لئے ہمارے پاس کافی وقت ہے اور امید ہے کہ ہماری ٹیم اگلے جونیئر ورلڈ کپ میں قوم کی توقعات پر پوری اترے گی ۔ پاکستان میں ہاکی کا بہت ٹیلنٹ ہے ، نیک نیتی اور دلجمعی سے کوشش کی جائے تو اب بھی سمیع اللہ ،شہباز سینئر ،حسن سردار ، منظور جونیئر ،کلیم اللہ ، حنیف خان جیسے نامور کھلاڑی سامنے آسکتے ہیں ۔ طاہر زمان نے کہاکہ جونیئر پہلے 30-35 کھلاڑیوں کے پول میں سے ٹیم کی سلیکشن ہوتی تھی لیکن اب جونیئر کھلاڑیوں کے پول کی وجہ سے 70کھلاڑیوں میں سے ٹیم کی سلیکشن ہوگی ۔ پی ایچ ایف کی طرف سے 2016میں کئے گئے اقدامات کے مزید مثبت نتائج 2017 میں سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کی نئی مینجمنٹ نے گراس روٹ سطح پر بہت زیادہ توجہ دی ہے،ہاکی کے کھیل میں نوجوانواں کے لئے زیادہ سے زیادہ دلچسپی پیدا کرنے کے لئے ہاکی فائیو ،ہاکی نائن کے ٹورنامنٹس کرائےگئے ۔ کھلاڑیوں کے لئے روزگار کا بندوبست کیا گیا ۔ قومی ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کروایا گیا ،سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کروانے کے علاوہ بے شمار دیگر اقدامات کیے گئے ۔