• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر انٹرنیشنل بیڈمنٹن کا پلیئرز کو سہولتیں فراہم کرنے پر زور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل بیڈمنٹن فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈویولپمنٹ برائے ایشیاء سمبہندھن شیواپریل نے کہا کہ کے پاکستان میں بیڈمنٹن کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگر مناسب انفرااسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی سامنے نہیں آرہے، حکومت پاکستان کو کھلاڑیوں پر توجہ دینا ہوگی۔ وہ گزشتہ روز سن سیٹ کلب ڈیفنس میں آگاہی و کوچنگ کلینک کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر سن سیٹ کلب کے سیکریٹری کرنل اظہر نعیم، سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے چیئرمین آفتاب لودھی، سیکریٹری افتخارحسین، اسد اللہ علیم اور انور سعید بھی موجود تھے۔ سمبہندھن شیواپریل نے کراچی کے20 سے زائد اسکولز اور کالجز کے100 سے زائد طلبہ و طالبات کو جدید بیڈمنٹن کے کھیل سے آگاہی فراہم کی اور عملی مظاہرہ کرکے بھی دکھایا، انہوں نے پاکستانی کوچز کو بھی لیکچرز دیئے۔ سن سیٹ کلب کے جنرل سیکریٹری کرنل نعیم اظہر نےکہا کہ سمبہندھن شیواپریل نے جدید خطوط پراستوار کھیل کے بارے میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھر پور انداز میں آگاہ کیا ان کی آمد سے کراچی میں کھیل کو بہت فروغ حاصل ہوگا، تقریب سے آفتاب لودھی، افتخارحسین اور انوار سعید نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں سمبہندھن شیواپریل نے کھلاڑیوں اور کوچز میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔سمبہندھن شیواپریلدورہ مکمل کرکے ملاییشیا روانہ ہوگئے۔
تازہ ترین