• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمنسٹی اسکیم آئین کے آرٹیکل 4 کی کھلی خلاف ورزی ہے،سراج الحق

لاہور(آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم آئین کے آرٹیکل 4 اور اس کے سیکشن 25کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ایمنسٹی اسکیم خود حکمرانوں کے ان انتخابی وعدوں کے بھی خلاف ہے جو انہوں نے اپنے انتخابی جلسوں میں یہ کہہ کر کیے تھے کہ وہ ”قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے پیٹ پھاڑ کر قومی دولت نکلوائیں گے۔“ حکومت ملک کے چند کرپٹ عناصر اور لٹیروں کو فائد ہ پہنچارہی اور عام آدمی کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔آئین ہر شہر ی کو برابر کے حقوق دیتا ہے مگر یہاں حق مارنے والوں کو سرپر بٹھایا جارہا ہے اور جن کے حقوق سلب کرلئے گئے ہیں انہیں بے یارو مدد گار چھوڑدیا گیاہے ۔ٹیکس نہ دینے والوں کو نواز کر مستقل ٹیکس دینے والوں کی حق تلفی کی جارہی ہے اور انہیں بھی ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ بھی 10/15سال کالادھن جمع کریں اور پھر چند لاکھ د ے کر پاک صاف ہوجائیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر خزانہ کی طرف سے کالا دھن سفید کرنے کے نام پر قوم کے کھربوں روپے ڈکار نے کے پالیسی بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہزاروں کھرب کی کرپشن کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان کے پیٹ پھاڑ کر قومی دولت نکلوانے کی بجائے ان سے مک مکا کی حکومتی پالیسی شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔ یہ رویہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو کھلا لائسنس دینے کے مترادف ہے اورلائسنس بھی اتنا سستا کہ کرپٹ مافیا خوشی سے نہال ہوگا ۔ کالادھن جمع کرنا بہت بڑا جرم ہے۔
تازہ ترین