وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب کا تحریک انصاف کے چیئرمین کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان احسان مند نہیں ہوسکتے تو احسان فراموشی بھی نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے نہ صرف عمران خان کو اسپتال کے لیے زمین دی بلکہ ساری مشینری کو ڈیوٹی فری کرایا، عمران خان جھوٹ بول کر حقیقت اورتاریخ کو نہیں بدل سکتے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی شوکت خانم اسپتال پر سیاست مایوس کن ہے، ان کی والدہ ایک اچھی خاتون تھیں جن کے نام پر اسپتال بنایاگیا ،عمران ان کے ساتھ زیادہ وقت گزار لیتے تو آج بہتر انسان ہوتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال پاکستان کے لیے فخر ہے، یہ پاکستانیوں کا اسپتال ہے اور میاں نواز شریف کا تحفہ ہے، 1990ءمیں نواز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو عمران خان کو شوکت خانم اسپتال کے لیے زمین دی۔
وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے اسپتال کی ساری مشینری کو ڈیوٹی فری کرایا جبکہ اتفاق اسپتال کی ساری مشینری پر ڈیوٹی دی،عمران خان جھوٹ بول کر حقیقت اور تاریخ کو نہیں بدل سکتے۔