میرپور(نمائندہ جنگ )پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء چیئرمین جموں وکشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایو ں زمان مرزا نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا عملہ کشمیری تارکین وطن کو حقارت کی نگاہوں سے دیکھنا بند کرئے پاکستان پی آئی اے پہلے ہی تباہ ہو چکی ہے جبکہ اس کو اربوں روپے کا ریونیو دینے والے شہر کے باسیوں کے ساتھ غیر امتیازی سلوک انتہائی شرم ناک اور گھٹیا ہے میرپور کے عوام نے پاکستان کیلئے قربانیوں کی تاریخ رقم کی لیکن پاکستان حکومت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذمہ داران اپنی شرم ناک اور غیر اخلاقی حرکتوں سے بازنہیں آرہے آزادکشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کو اپنے بڑے بھائی کی حیثیت سے دیکھا ہے لیکن پاکستان کے اعلیٰ اداروں میں بیٹھے ہوئے کرپٹ اور بدیانت آفیسران جہاں ملک کیلئے بدنامی کا سبب بن رہے ہیں وہیں ان کی طرف سے آزادکشمیر بالخصوص میرپور کے تارکین وطن کو بلاوجہ تنگ کرنا ایک معمول بن چکا ہے جو اب حد سے زیادہ تجاوز ہو چکا ہے اس وقت میرپور وہ واحد شہر نے جس نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا برطانیہ کی ہائوس آف لارڈز ، ہائوس آف کامنز ، برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران و منسٹرز میں سے ایک بڑی تعداد کا تعلق میرپور اضلاع سے جو بحیثیت کشمیری و پاکستانی اس ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن ہماری خدمات کو ذلیل و خوار کر کے ہماری امیدوں پر پانی پھیر اجارہا ہے ۔ میرپور سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن برطانیہ جب اپنے ملک واپس آتے ہیں سب سے پہلے کسٹم حکام اور اس کے بعد پنجاب پولیس کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں اور جب تک ان کا منہ بند کرنے کیلئے پیسے نہ دئیے جائیں یہ میرپور کے تارکین وطن کیساتھ انتہائی غیر اخلاقی رویہ روا رکھتے ہیں اور اس وقت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دشمن ملک کا شہری پاکستان کی سرحدی حدود میں غیر قانونی طورپر داخل ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء چیئرمین جموں وکشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا نے گزشتہ روز اسلام ائیرپورٹ پر اپنے عزیزوں کا استقبال کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام کے عملہ کی طرف سے غیر اخلاقی ، غیر انسانی اور مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ میرپور کے تارکین وطن کے ساتھ اسلام آباد ائیرپورٹ کے عملہ کی طرف سے غیر انسانی سلوک پر سوموٹو نوٹس لیتے ہوئے ان کے گھنائونے کردار کو بے نقاب کیاجائے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔ ہمایوں زمان مرزا نے مزید کہا کہ میرپور کے عوام بحیثیت کشمیری تارکین وطن پاکستان میں سب سے زیادہ ریونیو دینے والے تارکین ہیں جو سالانہ کھربوں روپے زرمبادلہ کی صورت میںپاکستان بھیج کر اس ملک کی معاشی ترقی کو ایک بڑا سہارا فراہم کر رہے ہیں لیکن ائیرپورٹ پر موجود عملہ کی طرف سے تارکین وطن کا سامان چوری کر لیاجاتا ہے جبکہ اکثر اوقات ان تارکین وطن کو اپنے سامان کی واپس کیلئے سب سے پہلے عملہ کو بھاری رقم بطور نذرانہ دیے جاتے ہیں تاکہ اپنا سامان ان سے بازیاب کروایاجا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ پاکستان حکومت کے اعلیٰ اداروں اور حکومت کو اس حوالہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن ہماری آوازوں پر کان تک نہیں دھرا گیا جس سے میرپور کے تارکین وطن کے حقوق مجروح ہو رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ میرپور کے لوگ 1960ء سے ہوائی جہاز سفرکر رہے ہیں لیکن ان کو آج تک پی آئی اے کی طرف سے سکون میسر نہیں آ سکا میرپور کے تارکین وطن کی مشکلات کے ازالہ کیلئے حکومت اور دیگر متعلقہ ادارہ جات میرپور کے تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کرداراداکریں۔