لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی نویں برسی اور پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد جمعرات کی سہ پہر نواب شاہ روانہ ہو گئے جہاں سے وہ کراچی روانہ ہوئے۔آصف علی زرداری نے چاروں دن نوڈیرو ہائوس میں نہایت مصروف گزارے اور اس دوران اہم سیاسی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔دریں اثنا ء نوابشاہ سے بیورورپورٹ کے مطابق آصف زرداری نے ہمشیرہ فریال تالپور کے ہمراہ والدین و بزرگوں کی قبروں پر حاضری دی۔آبائی نشست سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پارٹی رہنماؤں سے صلح و مشورے کئے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری بذریعہ ہیلی کاپٹر اپنے آبائی قبرستان بالوجا قبا پہنچے جہاں پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات و سینیٹر عاجز دھامرہ،صوبائی وزیر صحت سکندر میندھرو،ایم این اے غلام مصطفی شاہ،ایم پی اے ضیاء الحسن لنجار،ایم پی اے غلام قادر چانڈیو،ایم پی اے طارق مسعود،ایم پی اے سید فصیح شاہ اور دیگر رہنماؤں نے انکا استقبال کیا۔ایم این اے فریال تالپور اور وزیر صحت سکندر میندھرو انکے ہمراہ تھے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے والد حاکم علی زرداری ،والدہ بلقیس بیگم اور دیگر بزرگوں کی قبروں پر حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔آصف زرداری کافی دیر تک اپنے بزرگوں کی قبروں کے پاس بیٹھے رہے اور انھوں نے تلاوت کلام پاک بھی کی۔ بعدازاں وہ سخت سیکورٹی میں زرداری ہاؤس نوابشاہ آئے جہاں انھوں نے مقامی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے مشاورت کی۔اس موقع پر آصف علی زرداری کو وزیر صحت سندھ سکندر میندھرو نے صوبے میں طبی سہولتوں اور اس حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ اراکین اسمبلی نے انھیں اپنے اپنے علاقوں میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریف کیا۔ پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات و سینیٹر عاجز دھا مرہ نے جنگ کو بتایا کہ جمعے کو شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے زرداری ہاؤس میں نو شہروفیروز ، سانگھڑ اور نوابشاہ سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی ،سابق عہدیداروں ،منتخب بلدیاتی نمائندوں اور معززین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائیگا اس موقع پر وہ شرکاء سے خطاب اور ملاقات بھی کریں گے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بالو جا قبا اور زرداری ہاؤس نوابشاہ آمد کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔