• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ نظام اشرافیہ کے مفادات اور غریب کے استحصال کا نظام ہے،سراج الحق

لاہور (سٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر ایوان اور عدالت کرپشن روکنے میں ناکام ہوں تو پھر چوکوں اور چوراہوں کے سوا کوئی راستہ نہیں رہتا ،کرپشن کے خاتمہ کیلئے پارلیمنٹ قانون سازی نہ کرے اور عدالتوں میں احتساب نہ ہو تولٹیروں کو نکیل ڈالنے کیلئے صرف ایک ہی راستہ بچتا ہے کہ عوام سے رابطہ کیا جائے ،اشرافیہ اقتدار کیلئے لڑتی اورغریب کا خون  اور اسکی کمائی لوٹنے میں ایک دوسرے کی مدد کرتی ہے ،موجودہ نظام اول و آخر اشرافیہ کے مفادات اور غریب کے استحصال کا نظام ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر سید ایڈووکیٹ کی قیادت میں دیر سے آئے ہوئے ارکان صوبائی اسمبلی اور ضلعی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت جن کے دادا،نانا انگریز کی آنکھ کے تارا تھے آج ان کے پوتے نواسے سامراج کے پجاری ہیں اور اسی ’’میرٹ ‘‘کے بل بوتے پر وہ اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اسی نسل درنسل اقتدار پر قابض ٹولے سے مقابلہ ہے، جماعت اسلامی ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے اور اس عظیم مقصد کو حاصل کرنے کیلئے جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی ۔آج ملک بھر کے عوام کرپشن کے خلاف یک زبان ہیں اور سب کا مطالبہ ہے کہ کرپٹ ٹولے کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے ،لیکن پارلیمنٹ جس کی سب سے بڑی اور پہلی ذمہ داری قومی امانتوں کا تحفظ ہے وہ اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے جس سے عوام کے اندر سخت مایوسی پائی جاتی ہے ، عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہوکر ایک بڑی تحریک کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ 
تازہ ترین