کراچی(اسٹاف رپورٹر)63ویں قومی ڈیپارٹمنٹل ہاکی چیمپئن شپ کے سپر ایٹ مرحلہ میں جمعے کو مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ واپڈا اور آرمی کی ٹیموں کے درمیان میچ برابر رہا جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور پولیس نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست دی۔ رانا سہیل کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے سوئی سدرن نے ناردن گیس کا راستہ روک دیا۔ پہلا میچ واپڈا اور آرمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔ واپڈا نے آخری لمحات میں گول کر کے میچ کو برابر کیا۔ اس میچ میں آرمی کی جانب سے کپتان ایم عمران نے 8 ویں منٹ میں پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ جو پہلے دو کوارٹر تک برقرار رہی۔ تیسرے کوارٹر میں ایم عمران نے پنالٹیکارنر پر ایک اور گول داغ کر مقابلہ دو صفر کر دیا۔ میچ کے آخری چوتھے کوارٹر میں واپڈا ٹیم نے کم بیک کیا۔ 46 ویں منٹ میں تصور عباس نے بال کو جال کی راہ دکھا کر ایک گول کا خسارہ کم کیا۔ میچ کے آخری منٹ میں سینئر کھلاڑی عمر بھٹہ نے گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ اسی نتیجہ پر میچ کا اختتام ہوا۔ دوسرا میچ پولیس اور ریلوے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پولیس ٹیم نے حیران کن طور پر ریلوے کو دو ایک سے شکست دی۔ اس میچ میں پولیس کی جانب سے شرجیل اور وسیم نے ایک ایک گول کیا جبکہ ریلوے کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔ دن کا تیسرا میچ سوئی سدرن گیس اور سوئی نادرن گیس ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے یک طرفہ مقابلے میں رانا سہیل کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے صفر کے مقابلے چار گول سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عباس حیدر نے ایک جبکہ رانا سہیل نے تین گول اسکور کیے۔ سپر ایٹ مرحلے کے دو راونڈ مکمل ہونے پر پول اے میں نیشنل بنک ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے، پی آئی اے چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پولیس تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ ریلوے ٹیم بغیر کسی پوائنٹ کے چوتھے نمبر پر ہے۔ پول بی میں سوئی سدرن گیس کمپنی اپنے دونوں میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، واپڈا ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آرمی ٹیم ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی ٹیم بغیر کسی پوائنٹ کے آخری نمبر پر موجود ہے۔