کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹینس فیڈریشن کا سالانہ اجلاس جمعے کو اسلام آباد میں فیڈریشن کے صدرسلیم سیف اللہ خان کی صدارت میں ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے اجلاس میں سیکریٹری خالد رحمانی، سعیدحئی، دلاورعباس ، افتخارراشد اوردیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو فیڈریشن کے صدر نے بتایاکہ حکومت نے ملک میں اس کھیل کی ترقی اور فروغ کے لیے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی ہے جبکہ 12 سال بعد پاکستان میں ڈیوس کپ کے مقابلے کی میزبانی ملنے پر صدرممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف نے فیڈریشن کو مبارکباد دی ہے یہ مقابلے 3 سے 5 فروری تک اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں بارڈ کورٹ پر ہوں گے، اجلاس میں قومی ایونٹس کی بھی منظوری دی گئی اس موقع پر پی او ایف واہ اسپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر ڈاکٹرعامر مراد نے دو آئی ٹی ٹی ایف ٹورنامنٹس کی میزبانی کی بھی پیشکش کی فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی نے رواں سال کی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔