سرگودھا (نمائندہ جنگ) حکومت نے دیگر میونسپل کارپوریشنز کی طرح سرگودھا میں بھی میونسپل کارپوریشن میں ایک اور ڈپٹی میئر کی نشست کا اضافہ کرنے کافیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن سرگودھا میں قبل ازیں تین ڈپٹی میئرز تھے ۔بعد ازاں ضلعی نظامت کا نظام آنے پر تحصیل ناظم اور تحصیل نائب ناظم منتخب ہوئے موجودہ حکومت نے ضلعی نظام ختم کرکے بلدیات کا پرانا نظام بحال کیا تو میونسپل کارپوریشن سرگودھا کیلئے ڈپٹی میئر کی ایک نشست رکھی گئی جس پر منتخب چیئرمینوں نے احتجاج کیا تو حکومت نے مزید ایک ڈپٹی میئر کی نشست بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اور نئے ڈپٹی میئر کا انتخاب منتخب ایوان سے کروایا جائیگا جو بذریعہ ووٹنگ ہوگا یا پھر ہاتھ اٹھا کر ایک اور نئے ڈپٹی میئر کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔