شیخوپورہ، ننکانہ صاحب (خصوصی رپورٹر، نمائندگان جنگ،نامہ نگاران)پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا جس کے بعد ضلعی حکومتوں کے قیام کا مرحلہ مکمل ہو گیا ، حلف برداری کی تقریبات میں شریک رہنما اورکارکن اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ،پولیس کی طرف سے اس موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کے نمائندوںکی حلف برداری کی تقریبات اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوئیں جس میں بلدیاتی نمائندوں کے اہل خانہ ، عزیز و اقار ب ،پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سمیت حامیوں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی ۔لاہور کے لارڈ میئر اور نو ڈپٹی میئرز کی حلف برداری کی تقریب ٹائون ہال لاہور میں منعقد ہوئی جس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان ، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ریٹرننگ افسر محمود مسعود تمنا نے بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید،ڈپٹی میئرز میں حاجی اللہ رکھا، رانااعجازحفیظ، محمد مشتاق مغل، وسیم قادر، بلال چوہدری، مہرمحمود ، را ئوشہاب الدین، سواتی نذیرخان اورمیاں طارق شامل ہیں۔ اس موقع پر ہال میں موجو د کونسلرز، وائس چیئرمینزاور چیئر مینز اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔۔شہرکی274یونین کونسلزکےچیئرمینز، وائس چیئرمینز،مخصوص نشستوں پرمنتخب ہونیوالی خواتین،لیبراورٹیکنوکریٹس کی نشستوں پر منتخب ارکان نے بھی عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ گوجرانوالہ میںمیونسپل کارپوریشن ،ضلع کونسل اور 7 میونسپل کمیٹیوں کے سربراہان نے باقاعدہ حلف اٹھالیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر تجارت خرم دستگیر خان ،ڈی سی او گوجرانوالہ ،سی پی او گوجرانوالہ ، ریجنل الیکشن کمشنر چوہدری علیم شہاب ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر طارق قریشی ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عنائت الرحمان خان،ممبران قومی وصوبائی اسمبلی شازیہ سہیل میر ،حاجی مدثر قیوم ناہرہ ،رانا نذیر احمد خان ،رانا عمر نذیر خان ،اظہر قیوم ناہرہ ،رفاقت گجر ،توفیق احمد بٹ ،نواز چوہان ،شاہین اشفاق ،اشرف انصاری ،قیصر اقبال سندھو اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ میونسپل کارپوریشن کے میئر شیخ ثرو ت اکرام ،ڈپٹی میئرز سلمان خالد پومی بٹ ،رانا مقصود اور ضلع کونسل کے چیئرمین مظہر قیوم ناہرہ ،وائس چیئرمینز اعجاز پرویا ،عامر نذیر خان اور 7 میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز نے حلف اٹھایا۔ سیالکوٹ میں ضلع کونسل کی چیئرپرسن حنا ارشد وڑائچ، وائس چیئرمینوں ملک ضیافت علی اعوان، چودھری جمیل اشرف اور رضا سبحانی سے ریٹرنگ آفیسر /اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ میثم عباس نے انوار کلب آڈیٹوریم سیالکوٹ میں حلف لیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر /ڈی سی او ڈاکٹر آصف طفیل ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی، محسن اشرف،ارشد وڑائچ، رانا لیاقت علی، رانا افضل، چودھری طارق سبحانی، رانا عبدالستار خاں،ایم ایل اے چودھری محمد اسحاق، صدر یوتھ ونگ اوورسیز پاکستانیز علی زاہد، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مقبول الٰہی ، صدر پی ایم ایل این PP121رانا عارف ہرناہ اور نوید اشرف بریار کے علاوہ اراکین ضلع کونسل سیالکوٹ نے شرکت کی۔ میونسپل کارپویشن سیالکوٹ کے نومنتخب میئرچودھری توحید اختر اور ڈپٹی میئرچودھری بشیر احمد سے ان کے عہدے کا حلف ریٹرننگ آفیسر /ڈی او پلاننگ محمد عبدالرؤف نے جناح ہال قلعہ میں لیا۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، ذوالفقار غوری، ضلعی صدر مسلم لیگ ن سیالکوٹ ادریس احمد باجوہ، جنرل سیکرٹری شجاعت علی پاشا، میاں سہیل اقبال، صدر یوتھ ونگ فاروق گھمن، جنرل سیکرٹری تنویر چودھری، ٹی ایم او سیالکوٹ ظفر قریشی ،پی آر او عابد شجاع چیمہ ، چیئرمین سیال ملک اشرف ، نصرت جمشید ملک اور بلقیس رانی کے علاوہ ممبران میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ نے شرکت کی ۔ تحصیل کمپلیکس جنا ح ہال سمبڑیال میں ریٹرننگ آفیسر طارق محمودنے نو منتخب چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری جنگ شیر اوروائس چیئرمین چوہدری احسن ظفر گھمن سے حلف لیا۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری عبدالستار خاں ،اسسٹنٹ کمشنر توقیر الیاس چیمہ ، چوہدری رفاقت اللہ چیمہ ، شیخ محمد احد ، رانا دلشاد احمد سمیت میونسپل کمیٹی کے 18 کونسلر اورمعززین علاقہ بھی موجود تھے۔ ڈسکہ میں نومنتخب چیئرمین بلدیہ اور وائس چیئرمین کی تقریب حلف برادری ریسٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں ریٹرننگ آفیسر عامر رضاDMOنے نومنتخب چیئرمین خواجہ عاطف پاشی اور وائس چیئرمین میاں ندیم احمد سے حلف لیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر راؤ سہیل اختر‘ایم پی اے محمد آصف باجوہ ‘سابقہ ایم پی اے چوہدری ممتاز علی ‘قاری محمد اشرف نقشبندی ‘کونسلرز ‘صحافیوں ‘وکلاء ‘ڈاکٹرز ‘انجمن تاجران ‘لیگی کارکنان اور شہریوں کی کثیرتعداد موجودتھی۔ چئیرمین بلدیہ پسرور کا انتخاب ہارنے والے امیدوار رانا شبیر احمد اور امیدوار برائے وائس چئیرمین حافظ رانا جاوید نے کہا ہے کہ انہوں نے 16کونسلرز سمیت چئیرمین بلدیہ اور وائس چئیرمین کی تقریب حلف وفا داری کا بائیکاٹ کیا ہے۔نارووال پبلک سکول کے ہال میںضلع کونسل نارووال اور میونسپل کمیٹی نارووال کے چیئر مین اور وائس چیئرمین کی تقریب حلف برداری کا انعقاد ہوا جس میںممبر قو می اسمبلی چوہدری دانیال عزیز ، اراکین پنجاب اسمبلی خواجہ محمد وسیم بٹ ، رانامنان خاں، سردار رمیش سنگھ اروڑہ،ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک طارق اعوان، ڈی سی او رفاقت علی نسوآنہ ،ڈی پی او محمد کاشف ، اے ڈی سی حسن ہوت، سید تنویر حسین، سید رومی حسن، سعیدالحق ملک، ضلعی افسرا ن ،نو منتخب چیئر مین ،کو نسلرز عما ئد ین شہر اور پر نٹ و الیکٹرا نک میڈ یا نما ئند گا ن کی کثیرتعدا د نے شر کت کی۔چیئر مین میو نسپل کمیٹی نارووا ل سید اظہر الحسن گیلا نی نے اپنے خطا ب میں کہا کہ وہ شہر یو ں ،نجی تنظیمو ں، اپنی سیا سی قیادت اور عوا م کے شکر گزا ر ہیں۔سا بق صوبا ئی وزیر گل حمید خان روکھڑی اور عمر فیروز جوئیہ نے ضلع کو نسل میانوالی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب ضلع کونسل کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔ اے ڈی سی غلام مصطفی شیخ نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں ڈی سی او شوزب سعید ، سا بق ممبر قومی اسمبلی و ڈسٹرکٹ ناظم حمیر حیات خان روکھڑی ، سا بق ممبر پنجاب اسمبلی ملک محمد فیروز جو ئیہ ، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) سا جد خان نیا زی ،ضلع کی ممتا ز شخصیات ، سر کار ی افسران ، وکلا ء اور عوامی سماجی شخصیات نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔دریا خان میونسپل کمیٹی سے نو منتخب چیئرمین منصور احمد خان نیازی اور وائس چیئرمین طاہر فورمین کی حلف برادری کی تقریب ٹی ایم اے ہال میں منعقد ہوئی۔ ظفر عباس بھٹی نے ان سے حلف لیا۔نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل بہاولنگر سید قلندر حسنین شاہ اور دو وائس چیئرمینوں کی حلف برداری کی تقریب جناح ہال بہاولنگر میں جبکہ چیئرمین بلدیہ بہاولنگر رانا عاطف رؤف کی تقریب حلف برداری ٹی ایم اے ہال بلدیہ بہاولنگر میں منعقد ہوئی۔ ان سے متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز نے حلف لیے جبکہ ڈونگہ بونگہ میونسپل کمیٹی کے نومنتخب چیئرمین رائو محمدسلیم نےبھی اپنے عہدے کا حلف لیا ۔ضلع گجرات میں بلدیاتی ادارون کے سر براہوں کی حلف اٹھا نے کی 8مقا مات پر حلف برداری کی تقریبات ہوئیں۔ ضلع کونسل گجرات کے چیئر مین چوہدری محمد علی تنویر ،وائس چیئر مین چوہدری شیر افگن ، شعیب رضا نے ضلع کونسل ہال میں حلف اٹھایا۔ میونسپل کار پوریشن کے میئر حا جی ناصر محمود ، ڈپٹی میئر آ صف رضا مہمد ، چیئر مین میونسپل کمیٹی کھاریاں شیخ محمد حفیظ ، وائس چیئر مین لال خاں گوندل ، میونسپل کمیٹی کنجاہ کے چیئر مین ، وائس چیئر مین ، میونسپل کمیٹی ڈنگہ کے چیئر مین ، وائس چیئر مین نے حلف اٹھا ئے اور متعلقہ ریٹرننگ آ فیسرز نے حلف لئے ۔