ٹھٹھہ(نامہ نگار) ٹھٹھہ اور گرد نواح میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، گھنٹوں بجلی غائب رہنے کے باعث پانی کی سپلائی شدید متاثر ہونے لگی۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ اور نواحی قصبوں جنگ شاہی، مکلی، چھتو چند اور دیگر میں موسم سرما میں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی کمی نہیں آئی اور مذکورہ علاقوں میں حیسکو کی جانب سے اعلانیہ شیڈول پر عملدرآمد کرنے کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر 14 سے 15 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ بعض اوقات سارا دن بجلی غائب رہتی ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے شہری علاقوں میں 3 جبکہ دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کرنے کے احکامات پر حیسکو کی جانب سے کوئی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہ شدید عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں اور بجلی نہ ہونے کے باعث واٹر سپلائی کے ذریعہ پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے اور وہ بوند بوند کو ترس رہے ہیں انہوں مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔