کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور میں کھیلی جانے والی قومی ہاکی چیمپئن شپ کے پول میچز اتوار کو مکمل ہوگئے۔ جس کے بعد پی آئی اے، واپڈا، این بی پی اور سوئی سدرن گیس نے سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کر لی۔ منگل کو سیمی فائنل میں 11بجے دن پی آ ئی اے مقابلہ واپڈا سے اور دوپہر دو بجے این بی پی کا مقابلہ سوئی سدرن گیس سے ہوگا۔ اتوار کو کھیلے گئے آخری پول میچوں میں آرمی نے سوئی نادرن گیس کو7- 1سے ہرایا جبکہ واپڈا اور سوئی سدرن گیس کا مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے سوئی نادرن گیس کے خلاف نعمان نے 22،50،54ویں منٹ میں تین گول داغے، جبار نے دو گول 55،60 منٹ میں اسکور کئے، جبکہ افضل نے 29 ویں اور عباس نے27 ویں منٹ میں گول بنائے، سوئی نادرن کا واحد گول 34ویں منٹ میں دائود نے اسکور کیا۔ پاکستان واپڈا اور سوئی سدرن کے میچ میں واپڈا کی جانب سے اسد بشیر اور علیم بلال نے18 ،43ویں منٹ میں گیند کو گول پوسٹ سے ٹکرایا، سوئی گیس کی طرف سے نوید عالم اور عباس حیدر نے19،20 ویں منٹ میں گول بنائے۔