لالہ موسیٰ (نمائندہ جنگ)بیرسٹر چوہدری اعتراز احسن نے کہا ہے کہ پاناما ایشو شریف خاندان کی جان نہیں چھوڑے گا، بنچ کوئی بھی بنے ان کیلئے شریف خاندان کیخلاف اس کیس کا فیصلہ کر نے میں کوئی امرما نع یا کوئی چیز تاخیر کا باعث نہیں ہو سکتی، جائیداد کی ملکیت کے اقرار کے بعد اب منی ٹریل کابار ثبوت شریف خاندان پر ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ فیصلہ کیا ہو گا انکے حق میں آتا ہے یا ان کیخلاف آتا ہے یہ الگ بات ہے لیکن فیصلہ کر نے میں کو ئی امر مانع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب الزام تسلیم کر لیا جاتا ہے کہ یہ جائیداد میری ہے تو اس طرح تو استغاثہ کا کام ختم ہو جا تا ہے اور اس کے بعد ملز م نے اپنی صفائی دینی ہو تی ہے اور اس کیس میں میاں صاحبان بار بار اس جائیداد کا جو اربوں روپے کی ہے اس کی ملکیت کا اقرار کر چکے ہیں اب بار ثبوت ان پر ہیں، لہٰذا اب عدالت نے انکے اس جائیداد کے خریدے جانے کیلئے جو وسائل استعمال ہوئے اس کا اس جائز وسائل کا ٹریک تلاش کر نا ہے کہ یہ پیسہ پاکستان سے دبئی کیسے گیا، پیسہ قطر میں کیسے ٹرانسفر ہوا ، اس کی ساری ٹرانزکشن جو ہے اس کے کھاتے اور بینک اکاؤنٹس چاہیں یہ بڑا سمپل سا ہے اور اس کے بعد قطر سے یہ پیسہ سعودی عرب کیسے گیا سعودی عرب میں جو کاروبار ہو تا رہا اس سے کیسے پیسے آتے رہے وہاں سے لندن میں خریدی ہوئی پراپرٹی میں یہ پیسہ کس طرح استعمال ہوا، یہ جو منی ٹریل ہے اس کے بینک ٹرانزکشن چاہییں اور کھاتوں کی تفصیل چاہیے اگراس میں کسی ایک جگہ گیپ آجاتا ہے ،کوئی ایک کڑی کمزور پڑ جا تی ہے اور وہ ٹریک ثابت نہیں ہو تا تو میاں خاندان کیخلاف فیصلہ کرنے میں کو ئی دیر نہیں ہو گی۔