چارسدہ (نمائندہ جنگ) چارسدہ میں تنسیخ نکاح پر مشتعل شوہر نے نوبیاہتا دلہن اور ساس کو قتل کر دیا ۔ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تھانہ سرو کی حدود چان ماری میں مبینہ ملزم بشیر ولد میر زمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنی نو بیاہتا دلہن مسماۃ کائنات دختر گلاب اور اس کی والدہ جہانزیبہ زوجہ گلاب کو گھر کے اندر قتل کر دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل ملزم بشیر اور مسماۃ کائنات کی شادی دھوم دھام سے ہوئی مگر جلد ہی میاں بیوی میں رنجشیں شروع ہو گئیں جس پر نوبیاہتا دلہن میکے چلی گئی اور مقامی عدالت میں تنسیخ نکاح کا مقدمہ دائر کردیا ۔ مقامی عدالت نے نوبیاہتا دلہن کے حق میں فیصلہ صادر کیا جس پر ملزم بشیر نے طیش میں آکر سسرال پر دھاوا بول دیااور اندھا دھند فائرنگ کرکے مسماۃ کائنات اور اس کی والدہ مسماۃ جہانزیبہ کو قتل کرکے فرار ہوگیا۔ اہل علاقہ نے نعشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔