اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جوڈیشل مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں ہے، اپوزیشن کا گرینڈ الائنس اسی صورت میں بنے گا جب ساری جماعتیں ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوں گی، آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ اپنے نمائندے ہر جگہ کھڑے کرے گی اور دوسری جماعتیں ہم سے تعاون مانگیں گی،گزشتہ روز چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں متعدد بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور سینئر وکلاء نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع کی بارز کے صدور، جنرل سیکرٹری بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وقت آنے والا ہے اور آئے گا کہ دیگر جماعتیں اور لوگ ہمارے ساتھ اتحاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء پاکستان کیلئے بڑا اہم سال ہے، ملک کو اندرونی و بیرونی مشکلات کا سامنا ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنا فضل کرے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو سیاست میں نہ لائیں وہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کرتی ہے اور کرنے بھی چاہئیں۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ 2008ء میں ہماری مقبولیت اور ووٹرز ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے زیادہ تھے، جنرل کیانی نے ہمارے ارکان سازش کے تحت نوازشریف کو دے دیئے، 2013ء میں جسٹس افتخار چوہدری نے بھی کام دکھایا، تب بھی ہمارے خلاف جادوئی چھڑی چلائی گئی جبکہ کھیر نوازشریف نے کھائی جو اَب انہیں ہضم نہیں ہو رہی۔ اگر سپریم کورٹ نوازشریف کو سزا دیتی ہے تو کوئی امن خراب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی کا عملاً کام شروع ہے سندھ کے بعد اب چوہدری شجاعت حسین بلوچستان کا دورہ کریں گے اور میں پنجاب کے تمام اضلاع کے دورے شروع کر رہا ہوں، تنظیمی کام 4ماہ میں مکمل ہو گا، ہم نے دوسری جماعتوں سے مقابلہ کیلئے پلاننگ کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ، بلدیات میں اکثریت کے دعوئوں کے باوجود شہبازشریف نے ڈیڑھ سو سال پرانا انگریز بلدیاتی نظام بحال کر دیا کیونکہ وہ چپڑاسی کا اختیار بھی کسی کو دینے پر راضی نہیں اسی لیے یہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی کوئی اختیار نہیں دیں گے، بجٹ سمیت تمام اختیارات ڈی سی کو دے دیئے، وزراء کے پاس بھی کوئی اختیار نہیں ہے، کسان پیکیج کے باوجود کسان، وزیر اور ان کی طرح بلدیاتی نمائندے بھی رُل رہے ہیں، بلدیات، کسان پیکیج، صحت و تعلیم کے فنڈز ڈالر بنائو ٹرین اور نمائشی منصوبوں پر ضائع کر رہے ہیں، عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ڈسٹرکٹ بار بہاولنگر کے صدر چودھری ذوالفقار احمد باجوہ، مسعود عرف وٹو جنرل سیکرٹری، اعجاز امین بلوچ فنانس سیکرٹری، محمد پرویز باجوہ صدر فورٹ عباس بار، شاہد حسین گھلو جنرل سیکرٹری شجاع آباد بار، ملک کاشف وٹو شجاع آباد بار، احمد نسیم قریشی، الطاف حسین، فضل اکبر سہوترا، محمد افتخار وڑائچ جنرل سیکرٹری ہارون آباد بار، احسن قریشی، شاہد حسن، احمد نعیم قریشی، محمد عرفان قریشی، راشد محمد وڑائچ، رفاقت علی، شاہد بشیر چیمہ، ساجد محمود وڑائچ، چودھری خالد جاوید، ناصر رمضان اور مسلم لیگ گلاسگو کے رہنما شبیر شاہ پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے۔