چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کے اختیارات میں اضافے کا مطالبہ کردیا، کہتے ہیں کہ صوبوں کے حقوق کیلئے 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت سینیٹ کی عددی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
رکن قومی اسمبلی غلام مصطفےٰ شاہ کی ساس کےانتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سینٹ میں حکومت اور اپوزیشن ساتھ کام کررہے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ سینیٹ کے اختیارت میں اضافہ کیا جائے ،کیونکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سینٹ کی عددی تعداد کم ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے اختیارات میں اضافہ کرکے 18 آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کے حقوق کو تحفظ دیا جاسکے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بہت سی طاقتوں نے فلسفہ بھٹو کو ختم کرنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہیں، اس کے برعکس وقت کے ساتھ یہ فلسفہ دنیا میں پھیلا۔