اسلام آباد(جنگ نیوز) جمعیت علماء اسلام ( ف) کے مرکزی امیرمولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں اسلام مخالف قانون سازی کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہونگی، آئندہ الیکشن میں بلوچستان اور خیبر پختون خوامیں جمعیت اکثریتی جماعت کے طورپرسامنے آئیگی، جمعیت کے سوسال پورے ہوگئے آج سے کئی برس قبل کے مقابلے میں جمعیت کی قوت میں اضافہ ہواہے پارلیمنٹ میں حجم کے لحاظ سے اگرچہ کم ہیں لیکن ملکی مسائل اوراہم امورپرجمعیت کی رائے کونظراندازنہیں کیاجاسکتااورملک کی سب سے بڑی دینی سیاسی جماعت کا یہ اعزازجمعیت کوحاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولاناقاضی عصمت اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پراہم ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوٴں نے جماعتی،ملکی صورتحال اوراپریل میں سہ روزہ صدسالہ عالمی اجتماع کی تیاریوں سمیت دیگرامورپرتبادلہ خیال کیا۔