• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کیخلاف بڑی قومی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے،سراج الحق

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ،اے این این )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ رینجرز اختیارات پر دونوں فریق اپنی انااور مفادات کی لڑائی لڑ رہے ہیں، پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کی طرف سے پاکستان کو ملوث کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کرپشن کے خلاف بڑی قومی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے،6 جنوری کو حکومت کی نجکاری پالیسی کے خلاف کراچی میں تمام مزدو ر تنظیموں کامشترکہ کنونشن ہوگا ۔ جماعت اسلامی کی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم تا 31مارچ 2016ملک بھر میں ”رابطہ عوام مہم “چلائی جائےگی۔اس مہم کا تھیم ”کرپشن فری پاکستان“ ہو گا۔ تنظیمی سطح پر 2016کو نوجوانوں کے سال کے طور پر منظم کیا جائے گا۔اس سال 10لاکھ نئے نوجوانوں کو تحریک اسلامی سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی ۔ 6 جنوری کو حکومت کی نجکاری پالیسی کے خلاف کراچی میں تمام مزدو ر تنظیموں کامشترکہ کنونشن ہوگا جس میں خود شرکت کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے سہ روزہ اجلاس کے اختتامی سیشن اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اظہر اقبال حسن ، امیر العظیم اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومت کے خلاف میدان میں نکلنے کا وقت آگیا ہے۔حکومت نے تین سال میں اپنے انتخابی وعدوں پر عمل کیا نہ آئین پاکستان کی پاسداری کی۔ حکومت ٹیکس ایمنسٹی جیسی اسکیموں سے عام آدمی کو کرپشن کی دعوت دے رہی ہے ۔ حکمرانوں نے ایمنسٹی سکیم سےمشرف کے این آر اوکی تقلید کرکے کرپٹ اشرافیہ کو نوازا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کےلئے بنائی گئی حکومتی کمیٹی فائلوں میں گم ہوکر رہ گئی ہے ۔کرپشن کے خلاف بڑی قومی تحریک اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ موجودہ انتخابی سسٹم ظالم و جابر کو سپورٹ اور غریب کو بے یارو مددگار چھوڑ دیتا ہے ۔دریں اثنا ء جماعت اسلامی راولپنڈی کے ڈائریکٹرسوشل میڈیا انعام الحق اعوان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے پنجاب میں کارکنان اورذمہ داران اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے مینارپاکستا ن میں دئیے گئے عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کریں۔
تازہ ترین