ملتان،لاہور(سٹاف رپورٹر‘نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں نے نہ صرف قومی امانتوں میں خیانت کی بلکہ قوم کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے ،وزیر اعظم اوران کے خاندان سمیت پاناما کے تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ، جب تک ایک ایک پائی وصول نہیں ہوجاتی ڈکیت گینگ کا پیچھا کرتے رہیں گے،ملک میں غربت حکومتی کرپشن کی وجہ سے ہے،قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس مقدمہ کی سماعت کے بعد اپنی لیگل ٹیم کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی اسداللہ بھٹو ایڈووکیٹ ،سپریم کورٹ کے وکلاءتوفیق آصف ایڈووکیٹ ،خان افضل خان ایڈووکیٹ،بیرسٹرعاطف علی خان ایڈووکیٹ،شیر حمد خان ایڈووکیٹ،سیف اللہ گوندل ایڈووکیٹ اور عطاءالرحمنٰ نے شرکت کی،سینیٹر سراج الحق نے اپنی لیگل ٹیم کو ہدایت کی کہ مقدمہ کی بھرپورتیار ی کرکے عدالت عظمیٰ میں حاضر ہوںاور مکمل ثبوتوں کے ساتھ اپنا موقف پیش کریں،سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ کی طرف سے پاناما لیکس مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ عدالت قومی اہمیت کے اس تاریخی مقدمے کافیصلہ جلد از جلد کرنے کی کوشش کرے گی،انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ زرداری اور مشرف حکومتوں کے مکمل آڈٹ تک کرپشن کے خلاف ہماری تحریک جاری رہے گی اور ایک ایک کرکے تمام لٹیروں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔