کراچی(اسٹاف رپورٹر) 63 ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ پاکستان ائیر لائن (پی آئی اے) ٹیم نے مسلسل تیسری مرتبہ جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ فائنل میچ میں سخت مقابلے کے بعد نیشنل بنک کو پنالٹی شوٹ آوٹ پر ہرایا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے واپڈا ٹیم کو شکست دیکر وکٹری ا سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ پولیس ٹیم کے شرجیل کو چیمپیئن شپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کا فائنل پی آئی اے اور نیشنل بینک کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔پینلٹی شوٹ آئوٹ پر ہوئے فیصلے میں پی آئی اے نے نیشنل بنک کو تین کے مقابلے چار گول سے مات دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے شوٹ آئوٹ پر حسیم خان، ایم زبیر، شفقت رسول اور کاشف علی جبکہ نیشنل بینک کی جانب سے ارسلان قادر، بلال قادر اور ایم دلبر نے گول اسکور کیے۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے سخت مقابلے کے بعد واپڈا ٹیم کو ایک صفر سے مات دی۔