کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کے لئے کراچی میں دو ہفتے کا تر بیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 50سے زائد کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کو فوری طور پر کسی انٹر نیشنل مقابلے میں حصہ نہیں لینا ہے مگر ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو فعال اور متحرک رکھنے کے لئے پی ایچ ایف سے کھلاڑیوں کے لئے قومی کیمپ لگانے کی در خواست کی تھی ۔ ٹیم انتظامیہ نے کیمپ کراچی میں لگانے کی تجویز دی ہے اور قوی امکان ہے کہ کیمپ عبد الستار ایدھی اسٹیڈیم کراچی میں لگے گا جس میں قومی سنیئر ٹیم کے علاوہ قومی جونیئر ٹیم اور قومی ہاکی چیمپئن شپ میں سامنے آنے والے نئے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا جس کے لئے ٹیم انتظامیہ اور قومی سلیکٹرز کے درمیان مشاورت جاری ہے، ناموں کا اعلان دو سے تین روز میں کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ فزیکل فٹنس کے علاوہ میچز پر بھی توجہ دی جائے گی، تینسیشن میں کھلاڑیوں کو پریکٹس کرائی جائے گی جس میں ایک سیشن فلڈ لائٹ میں بھی ہوگا، انہوں نے کہا کہ سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے مابین میچز میں ہونگے جس سے کھلاڑیوں کی کار کردگی اوران کی فٹنس کا بھی اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔ خواجہ جنید نے کہا کہ قومی ٹیم کے لئے غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ مقابلے کی بھی تجویز دی گئی جس پر پی ایچ ایف کے حکام فیصلہ کریں گے۔