سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے تحقیق، تفتیش اور عدالت کا سامنا کیا، احتجاج بھی جمہوری طریقہ ہے ،پارلیمان کے اندر اور باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
انہوں نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کے پاس بذریعہ پارلیمان بھی جائیں گے اور براہ راست بھی ان کے پاس جائیں گے، عوام کے مفاد کے لیے سڑکوں پر جانا پڑا تو جائیں گے ۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ مجھ پر ریفرنسز میں الزام ہے کہ بطور وزیر میں نے کابینہ کو مس لیڈ کیا،پاناما پیپرز میں جن دیگر ممالک کے سربراہان کا نام آیا زیادہ تر مستعفی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے الزامات پر تفتیش کا سامنا کیا، قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے،گزشتہ انتخابات میں زمینی حقائق ہمارے خلاف تھے،جن سے پہلے ہمارا میڈیا ٹرائل کیا گیا۔
پرویزاشرف کہتے ہیں کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی پر تحفظات ہیں،نیب اگر سابق وزیراعظم کی تفتیش کرسکتا ہے تو موجودہ وزیراعظم کی کیوں نہیں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صرف خیبرپختونخوا میں ہے،عام انتخابات سے پہلے پیپلزپارٹی پورے ملک میں نظر آئے گی ۔