مردان ( نمائندہ جنگ)طورو میں سرکاری اسکول کے استاد نے غیر حاضری پر کم سن طالب علم پر جسمانی تشدد کرتے ہوئے اسے چھڑی سے مارمار کر ادھ موا کردیا ،ظالم ٹیچر نے شدید سردی میں معصوم طالب علم کے کپڑے اتارکر اسے ٹھنڈے پانی سے نہلادیا ، مردان کے علاقہ طورو میں گورنمنٹ پرائمری سکول ٹھیکیدار کلے کے طالب علم عامر کے والد جمیل نے پریس کلب میں تشدد کا نشانہ بننے والے بچے کے ہمراہ میڈیا کو بتایاکہ اس کا بیٹا گذشتہ روز اسکول سے ایک دن غیر حاضر رہا دوسرے روز جب طالب علم اسکول پہنچا تو استاد عبدالرشید نے بارش اور شدید سردی میں اس کے کپڑے اتارڈالے اور اس پر ڈنڈے برسابرساکر ادھ موا کردیا ڈنڈوں سے کم سن بچے کے جسم پر نشانات پڑگئے اوروہ شدید زخمی ہوگیاجس کے بعد اسے طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیا بچے کے والد نے کہاکہ اس نے اس حوالے سے مقدمے کے اندارج کے لئے بھی درخواست دی ہے انہوں نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور وزیر تعلیم محمد عاطف خان سے مذکورہ ٹیچر کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔