چکوال ، دینہ(نمائندہ جنگ ،نامہ نگار) دو مختلف ٹریفک حادثات میں بچی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 بچیاں زخمی ہو گئیں۔پہلا حادثہ چکوال میں پیش آیا جس میں تیز رفتار کار اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں2 بھائی جاں بحق ہوگئے۔ میانوالی کےمحمد ریاض نے پولیس کوبتایا کہ وہ ضیاء اللہ کے ہمراہ چکوال آرہے تھے کہ ان کے آگے ایک کارجس میں سعید الرحمٰن اور اس کابھائی رب نواز جا رہے تھے، کو چکوال تلہ گنگ روڈ پر قصبہ دھرابی کے قریب سامنے سے آنے والی بس نےٹکر دے ماری۔ جس کے نتیجے میں کار سوار سعید الرحمٰن اور رب نواز موقع پر جاں بحق ہوگئے۔حادثہ بس ڈرائیورتاج الدین کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔گاڑی مکمل طور پرتباہ ہوگئی۔ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دوسرا حادثہ جی ٹی روڈ دینہ پر پیش آیا جس میں اسلام آباد سے جہلم آنے والی تیز رفتارکار چک مہیوں کے قریب پھسلن کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری جس میں 15سالہ بچی سمیت2افراد موقع پردم توڑگئے جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پررورل ہیلتھ دینہ سے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹرز جہلم پہنچادیا گیا۔ہلاک ہونے والے 61 سالہ اقبال اور15 سالہ عائقہ عمران کا ایک ہی خاندان سے تھا۔زخمیوں میں بینش اور رامعین شامل ہیں جو کہ ایک شادی کی تقریب سے اسلام آباد سے جہلم آرہے تھے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر دینہ امبر گیلانی، پولیس تھانہ دینہ ،موٹروے پولیس اور ریسکیو1122موقع پر پہنچ گئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جہلم ریفر کر دیا۔