مری(نمائندہ جنگ) صدرمملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف برفباری کے حسین مناظر دیکھنےاپنی فیملیوں کے ہمراہ مری پہنچ گئے۔ صدر ممنون گورنر ہائوس بھوربن اور وزیراعظم نوازشریف کشمیر پوائنٹ میں اپنی رہائش گاہ میں قیام پزیر ہیں،صدر اور وزیراعظم کی آمد سے مری میں انتظامیہ انتہائی متحرک ہوگئی اور وزیراعظم نواز شریف نے ٹریفک روانی کوبہتر بنانےسیاحوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی،ادھر ملکہ کوہسار مری میں اتوارکو بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور ملک بھر سے سیاح مری کا رخ کر رہے ہیں مال روڈ سمیت مری کے تمام سیاحتی مراکز پر سیاحوں کا رش ہے تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹل سیاحوں سے کچھا کچھ بھرے ہوئے ہیں ،تاجروں کے کاروبار پر بھی اس برفباری سے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔